Qoumi zubaab urdu se ghadari
قومی زبان اُردو سے غداری پر وفاقی وزیر تعلیم کے خلاف مظاہرہ جمعہ کو ہوگا
قومی زبان تحریک جمعہ کو لاہور پریس کلب پر سہ پہر 4 بجے مظاہرہ کرے گی، مرکزی صدر جمیل بھٹی کی گفتگو
وفاقی وزیر شفقت محمود نے آئین ِپاکستان اور عدالتی فیصلے کی توہین کرکے انگریزی کے تسلط کی راہ ہموارکردی
لاہور/کراچی (نمائندہ قومی سہارا / رانا عبدالرحمن) پاکستان قومی زبان تحریک کے مرکزی صدر محمد جمیل بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے قومی نصابی کونسل میں پیش کی جانے والی نصاب سازی کی دستاویز میں آئین پاکستان کی شق 251 سے انحراف اور عدالت عظمیٰ کے 8 ستمبر 2015ءکے نفاذ اردو فیصلے کی توہین کرتے ہوئے انگریزی کے پاکستان پر دائمی تسلط کی راہ ہموار کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی اس پاکستان دشمن سازش کے خلاف پاکستان قومی زبان تحریک کی طرف سے 24 جولائی بروز جمعہ سہ پہر 5 بجے لاہور پریس کلب کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس مظاہرے کی قیادت پاکستان قومی زبان تحریک کے مرکزی صدر محمد جمیل بھٹی، نائب صدر پروفیسر سلیم ہاشمی اور شعبہ خواتین کی صدر محترمہ فاطمہ قمر کریں گی۔پاکستان قومی زبان تحریک کے مرکزی صدر محمد جمیل بھٹی، نائب صدر پروفیسر سلیم ہاشمی اور شعبہ خواتین کی صدر محترمہ فاطمہ قمر نے معاشرے کے مختلف طبقات سے رکھنے والے، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما وں سے بھی اپیل کی ہے کہ خودبھی مظاہرے میں شریک ہوں اور عام شہریوں کو بھی مظاہرے میں شرکت کےلئے راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی اپنی قومی زبان کی وجہ سے ترقی کی، پاکستان میں انگریزی زبان کے غلاموں کی وجہ سے نہ صرف قومی زبان کو مکمل طور رائج نہ کیا جاسکا بلکہ اِن غلاموں نے آنے والی نسلوں کو بھی غلام رکھنے کےلئے تعلیمی نصاب میں انگریزی کو فوقیت دی تاکہ قوم تقسیم رہے اور احساس محرومی کا شکار رہے۔ تحریک کی قیادت نے عوام سے اس مظاہرے میں شرکت کر کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے قومی زبان اور پاکستان دشمن اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی اپیل کی ہے تاکہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس گلزار احمد اس معاملے کا ازخود نوٹس لیں۔